شام و سحر

نوجوان کی اپنی استانی سے شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل

student's marriage with his teacher

کوالا لمپور: ملائیشیا میں اس وقت ایک نوجوان  اپنی استانی سے شادی کی خبروں کے حوالے سے شہرت پا رہا ہے۔ نوجوان کا نام محمد دانیال احمد علی بتایا جاتا ہے۔ جب کہ استانی کا نام جمیلہ ہے۔ جمیلہ دانیال سے عمر میں 26 سال بڑی ہیں۔ اتنے فرق کے باوجود دونوں نے عمر کے فرق کو شادی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

محمد دانیال احمد علی  کے روابط جمیلہ سے اس وقت شروع ہوئے تھے جب وہ 2016 مین جمیلہ سے پڑھتے تھے۔ دانیال آٹھویں جماعت کے طالب علم تھے۔  جمیلہ انہیں قومی زبان ‘ملائے’ پڑھایا کرتی تھیں۔ وہ اپنی استانی سے بہت متاثر تھے۔ ان کی توجہ، شفقت اور اور طریقہ تدریس نے دانیال کو ان کا گرویدہ بنا دیا تھا۔ خبر کے مطابق اس وقت تک ان کے دل میں شادی کا خیال نہیں تھا اور وہ استاد کی حیثیت سے ہی انہیں پسند کرتے تھے۔

آٹھویں جماعت پاس کرنے کے بعد وہ نہم جماعت میں گئے تو جملیہ سے پڑھنے کا سلسلہ ایک سال کے لیے موقوف ہو گیا۔ تاہم وہ دونوں ایک ہی سکول میں تھے اور ہاں ان کی دعا سلام جاری رہی۔ دانیال جب دسویں جماعت میں تھے تو ان کے جنم دن پر جمیلہ نے انہیں سالگرہ مبارک کہا۔ جمیلہ کو دانیال کی سالگرہ کا دن یاد تھا۔

اس واقعے کے بعد ان کے جذبات میں تبدیلی شروع ہوئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب ہوتے چلے گئے۔ یہاں تک کہ ایک دن دانیال نے جمیلہ سے شادی کا اظہار کر دیا۔ جمیلہ نے شادی کی پیشکش مسترد کر دی کیوں کہ ان کے خیال میں ان کے درمیان عمروں کا فرق بہت زیادہ تھا۔

جمیلہ کی شادی اس سے پہلے ہو چکی تھی لیکن 2007 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔ طلاق کے بعد جمیلہ کام پر توجہ دینا چاہتی تھیں اور دوسری شادی کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں۔ مگر دانیال نے بار بار شادی پر اصرار کیا۔ بالآخر جمیلہ کا دل پگھل گیا اور انھوں نے شادی کی پیشکش قبول کر لی۔ یوں وہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

محمد دانیال اور جمیلہ کی شادی نومبر 2021 میں ہوئی تھی۔ تاہم ان کی شادی کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

مزید تحریریں